واسا کے جاری منصوبے شہر کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہونگے ،کمشنر سرگودھا

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کا ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے ہمراہ شہر میں واسا کے زیر اہتمام جاری پی ڈی پی (PDP) پراجیکٹ کی مختلف ترقیاتی اسکیموں کا تفصیلی معائنہ۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں منصوبوں کی پیش رفت، درپیش مسائل اور تکمیل کی مجوزہ مدت کے بارے میں بریفنگ دی۔کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام اسکیموں کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی پراجیکٹ شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی، نکاسی آب کے مؤثر نظام اور سیوریج کے دیرینہ مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔دورے کے دوران انہوں نے مختلف علاقوں میں جاری تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور موقع پر موجود انجینئرز و ٹھیکیداروں کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار مزید تیز کی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبوں میں شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جائے اور عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔حافظ شوکت علی نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہری سہولیا ت کی بہتری اولین ترجیح ہے اور واسا کے جاری منصوبے شہر کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور درپیش رکاوٹوں کو فوری حل کرنیکی بھی ہدایت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں