پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی،وزیراعظم نے کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد (بیوروچیف) ایران پر حملوں کے بعد تیل کی عالمی قیمتیں بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی سپلائی اور قیمتوں کی نگرانی کیلئے خصوصی قائم کردی۔عالمی منڈی پر نظر رکھنے کیلئے اعلی سطح کی کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا، وفاقی وزیر خزانہ 18رکنی کمیٹی کے کنوینئر ہوں گے۔ کمیٹی روزانہ اجلاس کرکے رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔ اعلامیے کے مطابق پیٹرولیم، توانائی اور خزانہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی کمیٹی میں شامل ہیں، اسٹیٹ بینک، ایف بی آر اور اوگرا نمائندے بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ کمیٹی تیل کی عالمی سپلائی اور قیمتوں پر مسلسل نظر رکھے گی، کمیٹی پیٹرولیم سپلائی متاثر نہ ہونے کیلئے حکمت عملی تیار کرے گی۔ طویل جنگ کی صورت میں معاشی اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرکے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی، پیٹرولیم ڈویژن کمیٹی کو بطور سیکرٹریٹ تعاون فراہم کرے گی۔واضح رہے کہ ظہیر علی ایران کے آبنائے ہرمز کی بندش سے ایک دن میں عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھ گئی۔ امریکی خام تیل،برطانوی اور گلف مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 5ڈالر تک کا بڑا اضافہ ہوگیا، امریکی خام تیل 67ڈالر 2سینٹ سے بڑھ کر 72ڈالر 2سینٹ فی بیرل ہوگیا، برطانوی خام تیل کی قیمت 72ڈالر 87سینٹ سے 78ڈالر 34سینٹ ہوگئی۔آبنائے ہرمز کے راستے روزانہ تیل کے 30سے 40جہاز گزرتے ہیں، یہ بحری راستہ دنیا کو 20 فیصد سے زائد تیل کی سپلائی کرتا ہے، یہ بحری راستہ 30فیصد سے زائد گیس سپلائی کا روٹ بھی ہے، روٹ کی بندش طویل ہونے سے تیل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے، دنیا بھر میں گیس اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھ جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں