FDAکا غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کیخلاف کریک ڈائون

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ڈیفالٹر اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے سمندری روڈ پر چار نادہندہ اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے دفاتر کو سربمہر کر دیا اور ڈویلپرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ذمہ واجبات فوری طور پر ادا کریں اور ہائوسنگ سکیموں کے قیام کے لئے تمام تر قانونی و محکمانہ تقاضے پورے کر کے باقاعدہ منظوری حاصل کریں بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ اسما محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم بعض ہائوسنگ سکیموں کے نادہندہ ڈویلپرز سے بقایا جات کی وصولی کے لئے سرگرم عمل ہے اس سلسلے میں ادائیگی کرنے کے لئے بار بار نوٹسز اور غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کو وارننگ جاری کرنے کے باوجود تعمیل نہ کرنے کی پاداش میں سمندری روڈ پر چک نمبر 263 رب کی اراضی پر ہیون ولاز، ماڈرن سمارٹ سٹی، چک نمبر 233 رب میں دین پیراڈائز ون اور دین ویلی کے دفاتر کو سیل کر دیا گیا اور ڈویلپرز کو قانون شکنی سے اجتناب کرنے اور واجبات فوری ادا کرنے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عدم تعمیل کی صورت میں قصوروار کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں