پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا کی ترقیاتی اسکیموں پر اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس

سرگودھا(بیورو چیف)کمشنر سرگودھا ڈویژ ن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت پنجاب ڈو یلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا شہر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم اسٹیک ہولڈر کنسلٹیشن اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی، ٹکٹ ہولڈرز ڈاکٹر لیاقت علی، چوہدری حامد حمید ، عبد الرازق ڈھلوں سمیت واسا،کنٹونمنٹ بورڈ، ہائی ویز، میونسپل کارپور یشن، سوئی گیس،فیسکو، پی ٹی سی ایل، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ تعمیراتی و سروس ڈلیوری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ مرحلے میں شروع کیے جانے والے منصوبوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ایم ڈی واسا نے پی ڈی پی پراجیکٹ فیز ون پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے پراجیکٹ فیز ٹو کے مجوزہ منصوبوں، ان کے تخمینہ لاگت، دائرہ کار اور ٹائم لائن کے بارے میں بھی شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ ایکسین ہائی ویز نے سرگودھا شہر کی مختلف شاہراہوں کی تعمیر و مرمت کے لیے تیار کیے گئے منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔اجلاس میں شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے، ٹریفک کے مسائل کم کرنے اور شہری سہولیات میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تمام اسٹیک ہولڈرز نے منصوبوں پر باہمی مشاورت کی اور انہیں حتمی شکل دینے کے حوالے سے اہم نکات پر اتفاق کیا۔کمشنر سرگودھا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبے شہر کی بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہیں، اس لیے ان کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح ہدایت دی کہ جاری ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور رفتار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی منصوبے میں کوالٹی پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی باقاعدہ ٹیسٹنگ اور مانیٹرنگ کی جائے تاکہ کام معیار کے مطابق مکمل ہو اور عوام کو دیرپا سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ کمشنر نے فیسکو حکام پر زور دیا کہ شہر میں لٹکتی بجلی اور کیبل نیٹ ورک کی تاروں کا سروے کیا جائے اور انہیں درست کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ کمشنر نے میونسپل کارپوریشن حکام کو ہدایت کی کہ انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران اٹھایا جانے والا ملبہ فوری طور پر صاف کیا جائے اور اسے سڑکوں یا بازاروں میں نہ چھوڑا جائے۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودھا شہر کو جدید سہولیات سے آراستہ اور بہتر انفراسٹرکچر کا حامل شہر بنانے کے لیے تمام ادارے مل کر مؤثر اقدامات کریں گے۔ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو برقرار رکھنے کے لیے اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں