مثالی گاؤں پروگرام کا دائرہ کار وسیع کرنیکا فیصلہ

لاہور (بیوروچیف) پنجاب کے مثالی گائوں پروگرام کی لاگت میں بڑی اضافے کے بعد منصوبے کی مجموعی لاگت تقریبا 60ارب روپے تک پہنچ گئی ہے، جو ابتدائی طور پر 49ارب روپے مقرر کی گئی تھی۔اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے 485دیہات شامل کیے گئے ہیں اور مجموعی طور پر 138پی سی ون دستاویزات تیار کی گئی ہیں۔حکام کے مطابق اب تک 357 دیہات کی منظوری دی جا چکی ہے جبکہ 302 دیہات میں ترقیاتی کاموں کے ٹھیکے جاری کر دیے گئے ہیں۔ مزید برآں، 55 دیہات میں منصوبوں کے ٹینڈر کے اشتہارات بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔منصوبے کے تحت دیہات میں بنیادی ڈھانچے، صفائی، پانی کی فراہمی اور دیگر ترقیاتی سرگرمیوں پر کام کیا جائے گا، جس سے دیہی علاقوں میں معیار زندگی بہتر بنانے کی کوششیں مزید تیز ہوں گی۔واضح رہے کہ مثالی گائوں پروگرام کا دائرہ کار مرحلہ وار صوبے کے تمام دیہات تک وسیع کیا جائے گا۔وزیرِ بلدیات کے زیر صدارت اجلاس میں وزیراعلیٰ کیلئے تیار کی جانے والی پریزنٹیشن پر بھی غور کیا گیا تھا۔وزیر بلدیات کے مطابق ہر مثالی گائوں میں سیوریج سسٹم قائم کیا جائے گا اور کوورڈ ڈرینز تعمیر ہوں گی۔ پروگرام مکمل ہونے پر کسی بھی مثالی گائوں میں کوئی گلی کچی نہیں رہے گی۔ مزید برآں، دیہات میں فلٹریشن پلانٹس اور سٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دیہات کیلئے جامع ماسٹر پلاننگ کی جا چکی ہے اور پروگرام سے دیہی علاقوں کا نیا روپ سامنے آئے گا۔سیکرٹری بلدیات کو سروے کے عمل میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد لینے کی بھی ہدایت کی گئی تاکہ ڈیٹا کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں