زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے واک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں آپریشن غضب للحق کی حمایت، افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور قومی سلامتی کے لیے ایک خصوصی واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کی۔ اس موقع پر اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان ملک کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کے لیے ہمیشہ صفِ اول میں کھڑی ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہمیشہ ملک کے دفاع اور امن و استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج پر فخر کرتی ہے اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان دشمن کو وطن عزیز کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اساتذہ اور طلبہ ملک کی ترقی، استحکام اور خودکفالت کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔یہ واک ایڈمن بلاک سے شروع ہو کر یونیورسٹی کلاک ٹاور پر اختتام پذیر ہوئی جس میں شرکاء نے افواجِ پاکستان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی سلامتی کے لیے دعا بھی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں