FCCIکے صدر فاروق یوسف کا14نکاتی توانائی بچت پروگرام کا خیر مقدم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے حالیہ جنگی صورتحال کے پیش نظر 14نکاتی توانائی بچت پروگرام کا خیر مقدم کیا ہے مگر کہا ہے کہ باہمی مشاورت سے اس کو مزید بہتر بنانے سے کہیں زیادہ اچھے نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے قوم سے خطا ب پر تبصرہ کرتے ہوئے صدر چیمبر نے کہا کہ اس منتخب ادارے کا شروع سے ہی واضح موقف رہا ہے کہ خاص طور پر معاشی مضمرات کے فیصلے کرنے سے قبل بزنس کمیونٹی سے ضروری مشاورت کی جائے تاکہ ان کے نقصانات کو کم کر کے زیادہ بہتر نتائج حاصل کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی بندش ، گھر سے کام کرنے سے پٹرول کے استعمال میں کمی ہو گی جبکہ وزیر اعظم اور دیگر اعلیٰ افسران کی طرف سے 2 ماہ کی تنخواہ نہ لینے اور سادگی کے اقدا مات سے مہنگائی پر قابو پانے میں کوئی مدد نہیں ملے گی ۔ انہوں نے وزیر اعظم کی طرف سے پٹرول کی قیمت میں مزید اضافے کے امکان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جنگ کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی مہنگائی کی لہر طویل عرصہ تک چلے گی جس کے نتیجہ میں کم آمدنی اور دیہاڑی دار لوگوں کے مصائب کو کم کرنا بے حد کٹھن مرحلہ ہوگا جس کیلئے تمام حکومتوں کو انتہائی یکسوئی سے کام کرنا ہوگا۔ فاروق یوسف شیخ نے 2017ء میں کورونا کے دوران کئے جانے والے اقدامات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ بزنس کمیونٹی اور صنعتکاروں نے اپنے طور پر ورکروں کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے لیکن حکومت کو طویل مدتی جنگ سے نمٹنے کیلئے محنت کشوں کیلئے خصوصی امدادی پیکج کا اعلان کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کی اس حد تک مدد کی جائے کہ نہ تو صنعتی پیداوار متاثر ہو اور اُن کے ساتھ ساتھ ان کے گھروں کے چولہے بھی جلتے رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سادگی کے اعلانات صرف کاغذی حد تک نہیں ہونے چاہئیں بلکہ وہ عملی طور پر نظر بھی آنے چاہئیں تاکہ غریب طبقوں کو یقین ہو کہ اِس بحرانی کیفیت میں حکمران اور صاحب ثروت طبقہ بھی اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں