ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں،وزیر خزانہ

کمالیہ(نامہ نگار)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگز یب نے کہا ہے کہ موجودہ علاقائی صورتحال اگرچہ پاکستان کی براہِ راست جنگ نہیں، تاہم اس کے اثرات کسی جنگ سے کم نہیں ہیں، اور حکومت ہر سطح پر بھرپور اور مثر اقدامات کر رہی ہے ۔شہباز شریف دو مرتبہ قوم سے خطاب کر چکے ہیں اور قیادت مسلسل صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل صدر مسلم لیگ ن کسان ونگ میاں زاہد الرحمن رمدے کے صاحبزادے میاں عفان احمد کی دعوت ولیمہ کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا انکا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اسحاق ڈار اور دیگر اعلی حکام بھی اس سلسلے میں متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ کے مطابق مختلف وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں نہایت اہم اور تزویراتی نوعیت کی ہوں گی، جن کا مقصد خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینا ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ پاکستان اس پورے عمل میں ایک کلیدی کردار ادا کر رہا ہے اور ملکی قیادت کی کاوشیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی ٹیم بھی پوری طرح سرگرم ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ طے پا چکا ہے ، جو پاکستان کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سفارتی، سماجی اور معاشی ہر محاذ پر متحرک ہے ۔ گزشتہ روز صدر مملکت کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بھی ان اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ کے مطابق صدر کا یہ مقف بالکل درست ہے کہ محض امید کافی نہیں ہوتی بلکہ ہر ممکن صورتحال کے لیے ٹھوس حکمت عملی ضروری ہے ۔توانائی کے شعبے کے حوالے سے انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر مستحکم ہے ۔ ان کے مطابق خام تیل، ڈیزل، پٹرول اور ایل پی جی کی دستیابی میں کوئی خلل نہیں اور اس کامیابی کا سہرا وزیر پٹرولیم اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے ، جو فرنٹ لائن پر کام کر رہے ہیں۔محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے کیونکہ اس کے ذریعے ملک اپنے دو طرفہ اور کثیر جہتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر معاشی استحکام حاصل کر سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خطے کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور الحمدللہ پاکستان اس وقت ایک بہتر پوزیشن میں ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت معاشی اہداف کے حصول کے ذریعے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرے گی تاکہ ملک نہ صرف موجودہ چیلنجز سے کامیابی کے ساتھ نکلے بلکہ ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کے طور پر ابھرے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں