سینیٹر سرمد علیAPNSکے صدر اور اطہر قاضی سیکرٹری منتخب

کراچی (بیوروچیف) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) کی جنرل کونسل کے سالانہ اجلاس میں رواں سال کیلئے متفقہ طور پر سینیٹر سرمد علی صدر، ناز آفرین سہگل لاکھانی سینئر نائب صدر، شہاب زبیری نائب صدر، اطہر قاضی سیکرٹری جنرل، محسن بلال جوائنٹ سیکرٹری اور نوید کاشف فنانس سیکرٹری اور ڈیلی بزنس رپورٹ فیصل آبادکے ایڈیٹر ہمایوں طارق کو ایگزیکٹو ممبر منتخب کر لیا گیا۔سالانہ اجلاس عام سرمد علی کی زیرصدارت اے پی این ایس ہائوس کراچی میں ہوا۔ جس میں سال 2025-26 کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رپورٹ اور سال 2025 کے سالانہ حسابات کی رپورٹ کی متفقہ منظوری دی گئی۔ جنرل کونسل نے ایک قرار داد کے ذریعے خطے کی موجودہ صورتحال اور معاشی بحران کے دور میں پرنٹ میڈیا کے ابتر حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جس کی وجہ سے اخبارات شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس میں سے اکثر تباہی کے دہانے پر ہیں۔ اس صورتحال میں کونسل نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے گزشتہ دور حکومت میں سرکاری نرخوں میں اضافہ کے منظور کئے گئے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ جنرل کونسل نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے درخواست کی کہ اخباری صنعت کے طویل زیرالتواء بقایاجات کی جلد ادائیگی کی جائے۔ اشتہارات کے حجم میں اضافہ اور اشتہارات کے اجراء میں پرنٹ میڈیا کا الگ حصہ مختص کیا جائے۔ جنرل کونسل میں پورے ملک سے 118اراکین نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن نے سال 2026-27 کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے الیکشن منعقد کرائے۔ مندرجہ ذیل اخبارات اور جرائد بلامقابلہ منتخب ہوئے۔ روزنامہ آغاز، روزنامہ بزنس ریکارڈر، روزنامہ دیانت، روزنامہ ڈان، روزنامہ جسارت، روزنامہ جدت (کراچی)، روزنامہ جنگ، روزنامہ خبریں، روزنامہ تجارت، روزنامہ دنیا، روزنامہ نوائے وقت ، روزنامہ پاکستان (لاہور)، روزنامہ اوصاف، روزنامہ صحافت، روزنامہ عوام (کوئٹہ)، روزنامہ مشرق (کوئٹہ)، روزنامہ وحدت، روزنامہ مشرق (پشاور)، روزنامہ کاوش، روزنامہ آفتاب (ملتان)، روزنامہ کلیم، ڈیلی بزنس رپورٹ فیصل آباد، روزنامہ پیغام، روزنامہ سٹی 42، روزنامہ پاکستان آبزرور، روزنامہ ہلچل، روزنامہ سعادت، ماہنامہ نئے افق، ماہنامہ دستک، ماہنامہ نیا رخ، ہفت روزہ عزم، ہفت روزہ تکبیر، ماہنامہ سنٹر لائن اور عبرت میگزین۔ مجلس عاملہ نے متفقہ طور پر روزنامہ نو سج کراچی کی زاہدہ عباسی کو خواتین ناشرین کی نشست پر نامزد کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں