چنیوٹ (نامہ نگار) سپیشل جج اینٹی کرپشن قیصر نذیر بٹ نے سرکاری ملازمت کے دوران ڈبل تنخواہ لینے والے ڈاکٹر محمد شبیر کو 4 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ اور 55 لاکھ روپے سرکاری خزانہ میں جمع کروانے کا حکم سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق اینٹی کرپشن چنیوٹ نے چھ سال قبل 2020ء کے دوران چنیوٹ کے سرکاری ہسپتال میں ڈیوٹی کرنے والے ڈاکٹر محمد شبیر کو دوران ملازمت ڈبل تنخواہ وصول کرنے کے الزام میں گرفتار کیا اور دوران ملازمت مذکورہ ڈاکٹر نے سرکاری خزانہ سے 54لاکھ 97ہزار’ 739 روپے کی رقم وصول کی تھی۔ تحقیقات کے دوران مذکورہ ڈاکٹر قصور وار پایا گیا تو اس کے خلاف مقدمہ نمبری 4/2020 درج کر کے چالان عدالت بھجوایا تو فاضل جج نے دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر ملزم ڈاکٹر محمد شبیر کو 4 سال قید اور ایک لاکھ جرمانہ کی سزا کا حکم سناتے ہوئے ڈبل تنخواہ کی مد میں وصول 54لاکھ 97ہزار 739 روپے کی رقم سرکاری خزانہ میں جمع کروانے کے احکامات جاری کر دیئے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سپیشل جج سنٹرل ایف آئی اے شمشاد علی رانا نے انسانی سمگلر کو مجموعی طور پر 4 سال قید اور 3لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنا دیا۔ ایف آئی اے کے مطابق ٹریول ایجنٹ ملزم عطاء اﷲ نے 2021ء کے دوران شہری شوکت علی وسیم کے بیٹے اور بھانجے کو بیرون ملک اسپین بجھوا کر روزگار دلوانے کا جھانسہ دیکر 9لاکھ روپے وصول کیے تھے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے چالان عدالت میں بھجوایا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل ایف آئی اے ساجد علی کی نگرانی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل عدیل صدیقی نے بطور پراسیکیوٹر مقدمہ کی پیروی کی۔ دوران سماعت جرم ثابت ہونے پر فاضل جج نے امیگریشن ایکٹ کے تحت ایک سال قید’ 1لاکھ روپے جرمانہ زیردفعہ 22 کے تحت تین سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں مزید قید سخت بھگتنا ہو گی۔




