اسلام آباد (بیوروچیف) بڑھتی مہنگائی اور لاگت میں اضافے نے الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک مقامی کمپنی نے اپنی ای وہیکلز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔کمپنی کی جانب سے 3 اپریل کو جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ سمندری فریٹ چارجز میں اضافہ، کراچہ پورٹ سے فیکٹری تک لاجسٹکس کے بڑھتے ہوئے اخراجات، اور وہاں سے ڈیلرشپس تک ترسیل کے مہنگے عمل نے مجموعی لاگت کو نمایاں طور پر بڑھا دیا ہے۔اعلامیے کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران ان عوامل نے کمپنی کے کاسٹ اسٹرکچر پر واضح دبائو ڈالا ہے، جس کے باعث قیمتوں میں ردوبدل ناگزیر ہو گیا۔ مزید بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ بھی ایک بڑی وجہ ہے، جس نے آپریشنل اخراجات کو مزید بڑھا دیا۔اسی تناظر میں کمپنی نے اپنے تمام میٹرو ای وہیکلز ماڈلز کی قیمتوں میں 5,000 روپے اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتیں آج سے کیے جانے والے تمام آرڈرز پر لاگو ہوں گی۔کمپنی نے ڈیلرز کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپڈیٹڈ ریٹیل قیمت کے مطابق اضافی رقم جمع کروائیں، تاکہ نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔




