فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی نشاند ہی پر چھوٹی ڈی گرائونڈ سڑک کی ناقص تعمیر کا ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے نوٹس لے لیا’ میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے افسران پر برہمی کا اظہار’ فوری رپورٹ طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ”ڈیلی بزنس رپورٹ” میں شائع ہونیوالی خبر میں شہر کے پوش علاقے چھوٹی ڈی گرائونڈ کی نئی تعمیر ہونیوالی سڑک میں ناقص میٹریل کے استعمال کے حوالے سے نشاندہی کی گئی تھی جس پر ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی او میونسپل کارپوریشن سے رپورٹ طلب کر لی جس پر سی او میونسپل کارپوریشن نے ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور کو پیش کردہ رپورٹ میں بتایا کہ سڑک کی تعمیر پر 44لاکھ روپے لاگت ہے’ ٹھیکیدار کو اب تک صرف 10 لاکھ روپے دیئے ہیں’ 34لاکھ روپے بقایا ہیں، ٹھیکیدار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سڑک کی تعمیر میں خرابی دور کریں’ وزٹ رپورٹ اور تصدیق ہونے تک اس کو بقایا بل ادا نہیں کیا جائیگا۔ ڈویژنل کمشنر کے حکم پر ٹھیکیدار کا میونسپل کارپوریشن کے انجینئر کے ہمراہ سڑک کا وزٹ’ سڑک کی تصویریں بنا کر ڈویژنل کمشنر کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی جسے اہل محلہ نے ناکام بنا دیا۔ ٹھیکیدار کے ساتھ میونسپل کارپوریشن کے بعض افسران بھی ملے ہوئے ہیں جو ٹھیکیدار کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ بعدازاں ڈویژنل کمشنر نے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کے نیوز ایڈیٹر ریاض ملک سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ مسائل کی نشاندہی کر کے بہت اچھا کر رہے ہیں۔ پام کے درخت خشک ہونے کے حوالے سے بھی آپ کی نشاندہی صحیح تھی اور سڑک کی ناقص تعمیر کے حوالے سے بھی نشاندہی کر کے آپ نے بہت اچھا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی ٹھیکیدار کو ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائیگی ایسا کرنے والے ٹھیکیدار کو بل ادا نہیں کئے جائیں گے اور ان کو بلیک لسٹ کر دیا جائیگا۔ اہل محلہ کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار کو سڑک کی ناقص تعمیر کے حوالے سے متعدد بار کہا مگر اس نے سنی ان سنی کر دی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈویژنل کمشنر راجہ جہانگیر انور تھرڈ پارٹی سے انکوائری کرا کر ٹھیکیدار اور پشت پناہی کرنے والے میونسپل کارپوریشن فیصل آباد کے افسران کیخلاف ایکشن لیں۔




