فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) شہر کے ممتاز اور قدیمی تعلیمی ادارے مسلم ہائی اسکول طارق آباد میں 25اپریل کے متوقع فانڈیشن ڈے کے سلسلے میں ایک بھرپور اور باوقار تقریب مین لائبریری ہال میں منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا انعقاد معرو ف سماجی و فلاحی تنظیم لائلپورین کے زیرِ انتظام کیا گیا، جس کا بنیادی مقصد طلبہ میں تعلیمی شعور کے ساتھ ساتھ باہمی ہم آہنگی، کردار سازی اور مثبت سماجی رویوں کو فروغ دینا تھا۔تقریب میں اساتذہ، طلبہ، والدین، سابق طلبہ (اولڈ بوائز) اور شہر کی سماجی شخصیات نے شرکت کی، جس سے یہ تقریب ایک یادگار اجتماع میں تبدیل ہو گئی۔ پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد نعتِ رسولِ مقبول ۖ پیش کی گئی، جس نے حاضرین پر روحانی کیفیت طاری کر دی۔مہمانِ خصوصی پرنسپل ظفر نے اپنے خطاب میں اسکول کی تاریخی اہمیت، تعلیمی خدمات اور اس کے روشن ماضی پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ اخلاقی تربیت اور نظم و ضبط کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی قوم کی ترقی میں نوجوان نسل کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔اعزازی مہمانوں میں شامل سینئر ریٹائرڈ اساتذہ سر خوشی محمد، سر نیئر، سر رائے دوست محمد اور سر رفیق انور نے اپنے تجربات اور یادیں طلبہ کے ساتھ شیئر کیں۔ انہوں نے اسکول کے سنہری دور کا ذکر کرتے ہوئے اساتذہ کے احترام، محنت اور خلوص کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔ تقریب میں ڈاکٹر ساجد عظیمی، ڈاکٹر فدا حسین اور رانا منظور احمد سمیت لائلپورین کے بانی اراکین اور دیگر معززین رانا عتیق (بیورو چیف سچ نیوز)اور ایڈووکیٹ ہائی کورٹ غلام مصطفی نے شرکت کی ۔ ڈاکٹر ساجد عظیمی نے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے، مثبت سرگرمیوں میں حصہ لینے اور معاشرے میں اپنا فعال کردار ادا کرنیکی تلقین کی۔




