”قلندر شعور”صرف ایک رسالہ نہیں بلکہ ایک فکری تحریک ہے

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر کے معروف تعلیمی ادارے مسلم ہائی اسکول طارق آباد میں اسکول فانڈیشن ڈے کے سلسلے میں منعقدہ تقریب نے اس وقت ایک منفرد اور فکری رنگ اختیار کر لیا جب طلبہ میں روحانیت، اخلاقیات اور شعور بیداری کے موضوع پر مبنی ماہنامہ قلندر شعور اور بچوں کا قلندر شعور تقسیم کیا گیا۔ اس اقدام کو اساتذہ کرام نے جدید تعلیمی تقاضوں اور باطنی تربیت کے حسین امتزاج سے تعبیر کیا۔ تقریب میں سرپرستِ اعلی (لائلپورین)اور ممتاز روحانی رہنما, فخر عالمین ابدال حق حضر ت خواجہ شمس الدین عظیمی کا تعارف پیش کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ساجد عظیمی نے ان کی علمی، فکری اور روحانی خدمات کو اجاگر کیا۔ بتایا گیا کہ حضرت خواجہ شمس الدین عظیمی نے روحانیت کو جدید سائنسی انداز میں پیش کرنے کی ایک منفرد روایت قائم کی۔ ان کی تصانیف میں انسانی شعور، لاشعور، تخلیقی صلاحیتوں اور کائناتی نظام کے درمیان تعلق کو سادہ انداز میں بیان کیا گیا ہے، جو نوجوان نسل کے لیے نہایت رہنما حیثیت رکھتی ہیں۔ ڈاکٹر ساجد عظیمی نے مزید وضاحت کی کہ قلندر شعور صرف ایک رسالہ نہیں بلکہ ایک فکری تحریک ہے، جسکا مقصد انسان کو اپنی باطنی صلاحیتوں سے روشناس کرانا اور اسے ایک مثبت ،متوازن اور بامقصد زندگی کی طرف رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ اس ماہنامہ میں روحانیت، تصوف، سائنس، نفسیات اور سماجی مسائل پر مضامین شامل ہوتے ہیں، جو قاری کو سوچنے، سمجھنے اور اپنی ذات کا ادراک حاصل کرنے کی دعوت دیتے ہیں۔بچوں کا قلندر شعور کو خاص طور پر نئی نسل کے لیے ترتیب دیا گیا ہے، جس میں آسان اور دلچسپ انداز میں اخلاقی کہانیاں، تربیتی مضامین اور سبق آموز واقعات شامل کیے جاتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں