منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام25جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کی طرف سے 25 جوڑوں کے نکاح اور دلہنوں کی رخصتی کی پروقار تقریب شادی ہال میں ہوئی، دلہوں اور ان کے عزیز و اقارب کا منہا ج القرآن کی مرکزی قیادت نے شاندار استقبال کیا ، اداکارہ ریشم نے تقریب میں خصوصی شرکت کی اور شاندار تقریب کے انعقاد اور تحائف دینے پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے فلاحی ادار ے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کو مبارک باد دی، ان کا کہنا تھا کہ مستحقین کی شادیاں بالکل اسی شان و شوکت کے ساتھ ہو ر ہی ہیں جیسے کوئی صاحب حیثیت اپنی بیٹی کی خوشیاں پوری کرتا ہے۔ صدر منہاج القرآ ن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے نوبیاہتا جوڑوں کو مبارکباد دی اور دعائوں سے نوازا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت غریب کا خیال رکھنے والوں کو بے حد پسند کرتا ہے۔ ہر صاحب حیثیت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اطراف میں مستحقین اور ضرورت مندوں کی مقدور بھر مدد کرے۔ ڈائریکٹر پروجیکٹ سید امجد علی شاہ نے ابتدائی کلمات میں بتایا کہ ہر جوڑے کو 5لاکھ روپے کا گھریلو سامان تحفے میں دیا جا رہا ہے انہوں نے تمام ڈونرز بالخصوص ڈاکٹر عابد عزیز کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے تعاون سے یہ سب کچھ ممکن ہو سکا۔ شادی کی اجتماعی تقریب سے خرم نواز گنڈاپور، شیخ ابراہیم، غلام محی الدین دیوان نے اظہار خیال کیا اور شیخ الاسلام کے اس خدمت خلق کے جذبہ کو سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں