چیٹ جی پی ٹی میں فائل لائبریری فیچر متعارف

واشنگٹن ( مانیٹرنگ ڈیسک )اوپن اے آئی نے چیٹ جی پی ٹی میں ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کرا دیا ہے، جو صارفین کے تجربے کو نمایاں طور پر بہتر بنا سکتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ سہولت مفت صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔اس نئے فیچر کے تحت اب چیٹ جی پی ٹی میں اپ لوڈ کی جانے والی فائلیں چیٹ ختم ہونے کے بعد غائب نہیں ہوں گی بلکہ ایک علیحدہ لائبریری میں محفوظ رہیں گی، تاکہ مستقبل کی گفتگو میں بھی ان سے مدد لی جا سکے۔یہ سہولت مختلف اقسام کی فائلوں، جیسے اسپریڈ شیٹس، پریزنٹیشنز اور دیگر دستاویزات کے لیے دستیاب ہوگی۔ چیٹ جی پی ٹی صارف کی ہدایات کے مطابق ان فائلوں کو یاد رکھے گا اور آئندہ چیٹس میں ان کا حوالہ دے سکے گا۔اس سے قبل چیٹ جی پی ٹی ہر چیٹ کے اختتام پر اپ لوڈ کی گئی فائلوں کو فراموش کر دیتا تھا، تاہم نئے فیچر کے بعد یہ ایک اے آئی ورک اسپیس کی شکل اختیار کر لے گا، جو کسی حد تک گوگل ڈرائیو جیسی سہولت فراہم کرے گا۔نئے سٹوریج سسٹم میں مختلف صارفین کے لیے الگ الگ گنجائش مقرر کی گئی ہے۔ مفت صارفین کو 500 ایم بی، گو سبسکرائبرز کو 4 جی بی، پلس اور بزنس صارفین کو 20 جی بی جبکہ پرو صارفین کو 100 جی بی تک اسٹوریج فراہم کی جائے گی۔اس فیچر کے بعد صارفین اپنے پرانے ٹیکس فارمز، کھانوں کی تراکیب، سی ویز اور دیگر اہم فائلوں کے بارے میں چیٹ جی پی ٹی سے دوبارہ معلومات حاصل کر سکیں گے۔یہ نیا فیچر موبائل ایپ اور ویب ورژن دونوں میں دستیاب ہوگا۔ اس کے لیے سیٹنگز میں اسٹوریج کا نیا آپشن شامل کیا جائے گا، جبکہ تصاویر کے ساتھ ایک نئی لائبریری مینیو بھی نظر آئے گی جہاں اپ لوڈ کی گئی تمام فائلیں دیکھی جا سکیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں