کراچی (شوبز نیوز) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیرِ اہتمام جاری تین روزہ پاکستان میوزک فیسٹیول 2026 کے دوسرے روز معروف گلوکارہ حمیرا چنا نے اپنی سریلی آواز اور شاندار پرفارمنس سے فیسٹیول کو چار چاند لگا دیے جبکہ ملک کے نامور گلوکاروں اور موسیقاروں نے بھی اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔جون ایلیا لان میں منعقد ہونے والی موسیقی کی اس خوبصورت شام میں معروف اور ابھرتے ہوئے فنکاروں نے مختلف انداز میں سریلے گیت پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ حمیرا چنا سمیت سلمان علوی، عمران عباس خان، صغیر احمد، عمران جاوید، مظہر امراو بندو خان، عزیز وارثی، محمد زبیر، ارمان رحیم، عروسہ علی، ماہم طاہر، وقار حسین، شاہ رخ عباس، فیصل لطیف، نرودھا مالنی، شوکت فقیر نے اپنی پرفارمنسز پیش کیں۔حمیرا چنا نے سدا بہار گیت گا کر حاضرین کو محظوظ کیا جبکہ دیگر فنکاروں نے بھی مختلف طرز کی موسیقی اور خوبصورت گائیکی پیش کرکے فیسٹیول کو یادگار بنا یا۔ فنکاروں کی پرفارمنس کے دوران حاضرین نے بھرپور داد دی اور موسیقی کی دھنوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔پاکستان میوزک فیسٹیول27ستمبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گا۔




