فیصل آباد میں 5مبینہ مقابلے،2ڈاکو ہلاک،6زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں پانچ مختلف مقامات پر مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈ یافتہ 2ڈاکو ہلاک’ 6زخمی حالت میں گرفتار جبکہ خاتون اور بچے سمیت 14ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے، پولیس نے نعشوں کو پوسٹ مارٹم اور زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا اور ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ریسکیو15 پر کال موصول ہوئی کہ 2 موٹرسائیکلوں پر چار مسلح ڈاکو شہری علی رضا سے 1لاکھ 65ہزار روپے’ موٹرسائیکل اور پرس چھین کر بھینس کالونی کی طرف فرار ہوئے ہیں، اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ سمن آباد انسپکٹر طالش عباس نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بھینس کالونی کی ناکہ بندی کی تو تین موٹرسائیکلوں پر چار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی’ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، تاہم فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو خالی پلاٹ میں ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام فیصل محمود ولد طارق جاوید بٹ سکنہ 224 رب بتایا جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جس کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا اور اس کے قبضہ سے چھینی گئی نقدی’ موٹرسائیکل اور پسٹل بھی برآمد ہوا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ جبکہ دوسرا مبینہ مقابلہ غلام محمد آباد کے علاقہ سلطان ٹائون نزد بجلی گھر کے قریب ہوا۔ ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد یوسف شہزاد کے مطابق ریسکیو15 پر کال موصول ہوئی کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ڈاکو شہری سے ڈیڑھ لاکھ چھین کر فرار ہوئے تو ایس ایچ او نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈاکوئوں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جس نے اپنا نام وقاص ولد یوسف سکنہ ساہیوال بتایا جوکہ پولیس کو 20 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے مارچری یونٹ منتقل کر کے اس کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ تیسرا مقابلہ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ پالک چوک کے قریب ہوا۔ ریسکیو15 پر کال موصول ہوئی کہ چار مسلح ڈاکو صدیق چوک کے قریب ایک شہری علی حسن سے موٹرسائیکل’ 65ہزار روپے’ طلائی انگوٹھی’ فون چھین کر پالک چوک کی طرف فرار ہوئے ہیں۔ جس پر ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی ظہیر اختر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ناکہ بندی کرتے ہوئے موٹرسائیکلوں پر سوار مشکوک افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ پولیس نے جوابی فائرنگ بھی کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو افراد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت ابوبکر ولد عباس سکنہ 229 رب اور عامر سلطان ولد اﷲ دتہ سکنہ 215 رب ککوآنہ کے ناموں سے ہوئی جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو درجنوں وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ڈاکوئوں کے قبضہ سے چھینی جانے والی موٹرسائیکل’ نقدی’ فون اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا اور پولیس نے ان کے فرار ہونیوالے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے۔ چوتھا مبینہ مقابلہ تھانہ سول لائن کے علاقہ نورشاہ ولی قبرستان کے قریب ہوا۔ انچارج چوکی لاری اڈا’ ایس آئی بلال نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دوران گشت نورشاہ ولی قبرستان کے قریب دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار افراد کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سول لائن بھی پولیس پارٹی کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم جو کہ اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے تھے، زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت محمد وسیم ولد بشیر احمد سکنہ چاہ سمندر والا توحیدآباد چنیوٹ اور اختر علی ولد نیک محمد سکنہ کلیم شہید پارک محلہ حسن ٹائون کے ناموں سے ہوئی، جو کہ ریکارڈ یافتہ اور پولیس کو ڈکیتی’ راہزنی کے 23 مقدمات میں مطلوب تھے۔ جن کے قبضہ سے چوری شدہ موٹرسائیکل بھی برآمد ہوئی جبکہ ان کے دو ساتھی رات کی تاریکی میں موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پانچواں مبینہ مقابلہ تھانہ صدر کے علاقہ 78 گ ب کے قریب ہوا، پولیس کو ریسکیو15 پر کال موصول ہوئی کہ کالر کا بھائی 78 گ ب سے 239 رب خانوآنہ جا رہا تھا کہ 78گ ب مین روڈ پر ایک خاتون جس نے بچہ اٹھا رکھا تھا’ رُکنے کا اشارہ کیا اس کا بھائی رُکا تو ڈاکو حسینا کے دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ساتھی بھی آ گئے جنہوں نے شہری سے 25ہزار روپے’ فون اور موٹرسائیکل چھین کر خانوآنہ کی طرف فرار ہو گئے۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی انچارج چوکی خانوآنہ سب انسپکٹر طاہر شبیر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناکہ بندی کی اور مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رُکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ کر دی اور واپس خانوآنہ اڈا کی طرف فرار ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ صدر بھی پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم اپنے ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پڑے تھے جن کی شناخت حامد ولد شہزاد سکنہ 203 رب اور صابر ولد ارشاد سکنہ 229 رب معلوم ہوئی، جو کہ ریکارڈ یافتہ اور متعدد وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھے اور ان کے قبضہ سے چھینی گئی موٹرسائیکل’ نقدی برآمد ہوئی اور ان کے ساتھی اور خاتون بچے سمیت رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے۔ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں