فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کھرڑیانوالہ کے علاقہ 109 رب میں نشئی بیٹے نے چھری کے وار کر کے باپ کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل بیٹے تیمور کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق 109 رب کی رہائشی فریدہ بی بی نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کے خاوند محمد نعیم نے ورکشاپ بنا رکھی تھی اور اس کا بیٹا تیمور آئس کا نشہ کرتا تھا اور والد بیٹے کو نشہ کرنے سے منع کرتا تھا، لیکن وہ اپنی حرکات سے باز نہ آیا، 15مئی کو ملزم تیمور گھر آیا تو نشہ کیلئے پیسے مانگے تو اس کا باپ نعیم سے جھگڑا ہو گیا تو اس نے چھریوں کے وار کر کے باپ کو بری طرح لہولہان کر دیا اور دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا جہاں وہ گزشتہ شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے نعش قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے ناخلف نشئی بیٹے قاتل کی تلاش شروع کر دی ہے۔




