اسلام آباد پولیس کا جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کریک ڈاؤن،26ملزمان گرفتار

اسلام آباد(بیورو چیف) اسلام آباد پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 14 اشتہاریوں سمیت 26 ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ ان کے قبضے سے منشیات اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے خصوصی احکامات پر مختلف تھانوں کی پولیس ٹیموں نے کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات فروشی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 12 ملزمان کو گرفتار کیا۔پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 530 گرام چرس، 1590 گرام ہیروئن، 341 گرام آئس، 10 بوتلیں شراب، ایک بندوق اور مختلف بور کے 5 پستول معہ ایمو نیشن برآمد کیے گئے۔پولیس نے بتایا کہ اشتہاریوں اور عدالتی مفروران کے خلاف خصوصی مہم کے دوران مزید 14 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ تمام ملزمان کیخلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں