فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر) ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین ہمارا قابلِ فخر سرمایہ اور اداروں کی شان ہوتے ہیں جہنوں نے اپنی زندگی کے بہتر ین سال اداروں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کیے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار میونسپل کارپوریشن کے چیف فنانس آفیسر محمد بن اویس نے شاہین ورکرز یونین کے زیرِ اہتمام ریٹائرڈ ہونے والے سینئیر ملازمین غلام فرید اور ناصر عباس کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا ریٹائرمنٹ ملازمت کا حصہ ہے لیکن مخلص محنتی اور دیانت دار ملازمین کا ادارے سے رخصت ہونا دکھ کا باعث ہوتا ہے غلام فرید اور ناصر عباس دونوں ملازمین نے محنت دیانتداری اور خلوص دل سے ادارے کی بہتری اور ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور میں آن کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پر چیئرمین عامر محمود اعوان اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونین عامر محمود اعوان نے شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ناصر عباس اور غلام فرید انتہائی دیانت دار محنتی اور خلوص دل سے کام کرنیوالے اور انسانیت کی خدمت کرنے والے انسان دوست شخصیت کے مالک ہیں۔




