مکہ مکرمہ(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات کی، جس میں حج سے متعلق مختلف امور اور حجاج کو فراہم کردہ سہولیات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقا ت میں نائب وزیر حج و عمرہ حسن مناخرہ، سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا اور ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو بھی شریک تھے۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے بہترین حج انتظاما ت پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مشاعر مقدسہ میں نت نئی سہولیات کے اقدامات خوش آئند ہیں، بسوں کے ڈراپ پوائنٹس پر تمام ممالک کے حجاج کیلئے مناسب جگہ فراہم کی جائے۔سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے کہا کہ حرم ٹرانسپورٹ میں مزید اصلاحات لائی جا رہی ہیں جبکہ آئندہ سال حجاج کی تعداد کے مطابق ڈراپ پوائنٹس کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ مزدلفہ میں ٹرین استعمال کرنے والے حجاج کیلئے ٹوائلٹس کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔




