چنیوٹ(نامہ نگار)چنیوٹ شہر اور گردونوا ح میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مسلسل اضا فے کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تازہ واقعہ میں مسلح ڈاکوں نے ایک پولیس کانسٹیبل کے گھر میں گھس کر لاکھوں روپے مالیت کا سامان لوٹ لیا۔ تھانہ لنگرانہ میں درج مقدمے کے مطابق کانسٹیبل محمد عدنان اپنی ڈیوٹی مکمل کرکے گھر پہنچا تو وہاں پانچ مسلح ڈاکو واردات میں مصروف تھے۔ ملزمان نے کانسٹیبل محمد عدنان سے سرکاری ریپیٹر، موبائل فون اور پانچ ہزار روپے نقدی چھین لی۔مقدمے کے متن کے مطابق ڈاکو گھر سے دس تولے طلائی زیورات، پانچ تولے چاندی اور دو لاکھ روپے نقدی بھی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ لوٹے گئے طلائی زیورات میں دو انگوٹھیاں، ایک جوڑی بالیاں، سنگھار پٹی، گلے کا ہار اور کنگن شامل ہیں، جبکہ ملزمان پانچ تولے چاندی کی پازیب بھی ساتھ لے گئے۔واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ لنگرانہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے ۔




