لاہور(بیوروچیف)پنجاب اسمبلی میں ترقی اور جدید کاری کے لئے 7ارب 41کروڑ 57لاکھ روپے کا ترقیاتی پیکیج تجویز سامنے آئی ہے۔کمیٹیوں کے لئے نئی عمارت، ایم پی اے ہاسٹل، سکیورٹی اپ گریڈیشن اور پارلیمنٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ منصوبے شامل ہیں۔مالی سال 2026-27میں پنجاب اسمبلی کے منصوبوں کے لئے 7ارب 41کروڑ 57لاکھ روپے جاری کرنے کی تجویز ہے۔ایم پی اے ہاسٹل فیز ٹو منصوبے کے لئے 2ارب 52کروڑ 67لاکھ روپے، ایم پی اے ہاسٹل میں جدید پارکنگ اور سہولیتی نظام کے لئے 1ارب 2کروڑ 65 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔پنجاب اسمبلی میں تزئین و آرائش اور سہولیات کی تکمیل کے لئے 37 کروڑ 6لاکھ روپے جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسمبلی مسجد کی توسیع، سپیکر و ڈپٹی سپیکر ہائوسز کی سہولیات کے لئے 21کروڑ 11لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔مالی سال 2026-27میں کمیٹیوں کے لئے کمروں کی تعمیر کے لئے 80کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔پنجاب اسمبلی میں سکیورٹی اپ گریڈیشن، HVAC نظام کی اپ گریڈیشن، حفاظتی آلات و دیگر کے لئے 1ارب 41کروڑ 99 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔پیپلز ہائوس میں پنجاب انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سٹڈی اینڈ ریسرچ قائم کرنے کے لئے 1ارب سے زائد جاری کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔




