بلا سود قرضوں کے حصول کیلئے37ہزار سے زائد درخواستیں جمع

لاہور (بیوروچیف) وزیر ہائوسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت محکمہ ہائوسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ کے تحت جاری منصوبوں، بلاسود قرضوں کی فراہمی اور ترقیاتی کاموں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو محکمہ ہائوسنگ کے جاری منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا، بلال یاسین نے بتایا کہ بلاسود قرضوں کے حصول کے لیے 37ہزار سے زائد افراد درخواستیں جمع کرا چکے ہیں، جبکہ آنے والے دنوں میں درخواست گزاروں کی تعداد میں مزید نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ کم آمدن والے افراد کو گھروں کی تعمیر کے لیے آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جا رہا ہے، 5لاکھ روپے قرض لینے والوں کو صرف 4700روپے جبکہ 10لاکھ روپے قرض پر 9300روپے ماہانہ اقساط ادا کرنا ہوں گی۔ وزیر ہائوسنگ کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام میں درخواست گزاروں کی تعداد 13 لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کر چکی ۔جبکہ ایک لاکھ 74 ہزار 842 افراد میں تقریبا 226 ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے۔ بلال یاسین نے کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کے لیے نئی منزل یا اضافی کمرے کی تعمیر کی خاطر چند ہزار روپے ماہانہ ادائیگی بڑا بوجھ نہیں ہوگی، پنجاب میں عوامی سہولت، فلاحی اقدامات اور سستے رہائشی منصوبوں کے وعدے عملی شکل اختیار کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں