لاہور(بیوروچیف)پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے صوبے بھر میں200واٹر بوٹلنگ پلانٹس کے قیام کا منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کے تحت روزانہ 40لاکھ سے زائد افراد کو صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔ یہ فیصلہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او)ذوالفقار احمد بھون کی زیرِ صدارت ہونیوا لے اجلاس میں کیا گیا، جس میں منصوبے پر پیش رفت اور آئندہ حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت پنجاب کی تمام 156 تحصیلوں میں واٹر بوٹلنگ پلانٹس تعمیر کیے جائیں گے، جبکہ لاہور شہر میں 22جدید واٹر بوٹلنگ پلانٹس قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو معیاری پینے کے پانی کی سہولت میسر آ سکے۔سی ای او ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد روزانہ 19 لیٹر پر مشتمل صاف پانی کی بوتلیں شہریو ں کے گھروں کی دہلیز تک مفت پہنچائی جائیں گی۔ ان کے مطابق روزانہ تقریبا 630,400گھرانوں میں صاف پانی کی بڑی بوتلیں تقسیم کی جائیں گی، جس سے 40لاکھ سے زائد افراد مستفید ہونگے۔انہوں نے بتایا کہ خوشاب، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈیرہ غازی خان میں واٹر بوٹلنگ پلانٹس کے ذریعے پہلے ہی صاف پانی کی فراہمی جاری ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں بھی جدید خطوط پر استوار منصوبوں کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ذوالفقار احمد بھون نے کہا کہ پنجاب صاف پانی اتھارٹی کا مقصد صوبے کے ہر شہری تک معیاری اور محفوظ پینے کا پانی پہنچانا ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی صاف پانی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری رکھا جائے گا۔




