نکاسی آب کے نظام کو فعال اور ڈرینوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے

سرگودھا(بیورو چیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوامی فلاحی وژن پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری کے اچانک تحصیل کوٹ مومن کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے انٹرچینج روڈ بیوٹیفیکیشن منصوبے، ستھرا پنجاب سرگرمیوں، ٹی ایچ کیو ہسپتال، للیانی ڈرین اوور فلو سے متاثرہ علاقوں اور مریم نواز ہیلتھ کلینک چک نمبر12 جنوبی کا معائینہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کوٹ مومن انٹرچینج روڈ پر جاری بیوٹیفیکیشن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور معیار، خوبصورتی اور پائیداری کے تمام تقاضے ہر صورت یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت مختلف علاقوں میں جاری صفائی سرگرمیوں کا بھی معائینہ کیا اور متعلقہ افسران کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صفائی کے نظام میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہر، بازاروں اور شاہراہوں کو ہر وقت صاف ستھرا رکھا جائے اور شہریوں کو بہترین ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے ۔اور ناقص کارکردگی پر زمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کوٹ مومن شہر میں مختلف ڈرینز کا بھی معائینہ کیا۔ انہوں نے ڈرینوں کی صفائی اور نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام ڈرینوں کی بروقت صفائی یقینی بنائی جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے اور ڈرینوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں