ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر مون سون کے دوران دریائے راوی کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے رات گئے تحصیل کمالیہ میں دریائے راوی کے کنارے کٹا والے علاقے کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کے ساتھ ساتھ کیے گئے حفاظتی اقدامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقار اکبر چیمہ اور اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کٹا والا پانی فلڈ لنک کے اندر موجود ہے اور تاحال کسی رہائشی علاقے یا شہری آبادی تک نہیں پہنچا۔، جبکہ کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔




