جشن آزادی کی مناسبت سے سجاوٹی اشیاء کے سٹالز سج گئے

لاہور (بیوروچیف) شہر کے مختلف چوک چوراہوں اور اہم شاہراہوں پر جشنِ آزادی کی مناسبت سے سجاوٹی اشیا کے سٹالز سج گئے ہیں، جہاں شہریوں کی بڑی تعداد خریداری کے لیے پہنچ رہی ہے۔سٹالز پر قومی پرچم، جھنڈیاں، بیجز، ماسک، ٹوپیاں، فیس پینٹنگ کا سامان اور دیگر سجاوٹی اشیا دستیاب ہیں۔ بچے، نوجوان اور خاندا ن بھرپور جوش و خروش کیساتھ یومِ آزادی کی تیاریوں میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگست کا مہینہ وطن سے محبت اور قومی یکجہتی کے اظہار کا بہترین موقع ہوتا ہے۔ ان کے مطابق گھروں، گلیوں، بازاروں اور دفاتر کو قومی پرچموں اور جھنڈیوں سے سجانے کی روایت ہر سال جشنِ آزادی کے جذبے کو مزید تازہ کر دیتی ہے۔دوسری جانب متعدد شہریوں نے سجاوٹی اشیا کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں قومی پرچم، جھنڈیوں اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے عام خریدار متاثر ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ یومِ آزادی کے قریب آتے ہی بازاروں میں خریداری کا رجحان مزید بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں جشنِ آزادی کی تقریبات اور سجاوٹ کی تیاریاں بھی تیزی سے جاری ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں