ساہیوال میں منشیات فروشی کے بڑھتے رحجان پر والدین کو تشویش

ساہیوال (بیورو چیف) ضلع ساہیوال میں مبینہ طور پر منشیات فروشی کے بڑھتے ہوئے رجحا ن نے شہریوں، سماجی حلقوں اور والدین میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر اس ناسور کو بروقت نہ روکا گیا تو اس کے تباہ کن اثرات آنے والی نسلوں تک پہنچیں گے۔ شہریوں کے مطابق صرف نوجوان ہی نہیں بلکہ بعض مقامات پر کم عمر بچوں اور عمر رسیدہ افراد کے بھی نشے کی لت میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آرہی ہیں، جو معاشرے کے لیے انتہائی تشویشنا ک صورتحال ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ منشیات فروشی کے باعث نوجوانوں کی رگوں میں آہستہ آہستہ زہر انڈیلا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں جرائم، بے راہ روی، گھریلو مسائل اور معاشرتی برائیاں فروغ پا رہی ہیں۔ والدین خوفزدہ ہیں کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو ایک پوری نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ سکتی ہے۔ مقامی افراد کا دعوی ہے کہ شہر کے بعض گلی محلوں، ویران مقامات اور کھیل کے میدانوں میں مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا جا رہا۔ جا رہا ہے، جہاں نشے کے عادی افراد ایک دوسرے کو انجکشن لگاتے بھی دیکھے جاتے ہیں۔سماجی و عوامی حلقوں نے ڈی پی او ساہیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ ساہیوال میں منشیات فروشی اور منشیات کے استعمال کے خلاف فوری، شفاف اور بلا امتیاز کریک ڈاؤن کیا جائے۔ ساتھ ہی اگر کسی اہلکار کی غفلت، بدعنوانی یا مبینہ ملی بھگت ثابت ہو تو اس کے خلاف بھی سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں