فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو معذور افراد کے حقوق کا مکمل ادراک ہے جبکہ اُن کی رسائی کیلئے چیمبر کی عمارت میںپہلے سے ہی ریمپ موجود ہے جبکہ واش رومز میں اُن کی آسانی کیلئے ہینڈل لگوانے کے علاوہ فیسلی ٹیشن ڈیسک بھی قائم کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کونسل برائے حقوق افراد باہمی معذوری کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا مقصد نجی اداروں میں ملازمت کیلئے معذوروں کے تین فیصد کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانا تھا۔ انہوں نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا مختصر تعارف پیش کیا اور بتایا کہ یہ شہر ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے ۔ یہاں کے لوگ چیئرٹی دینے میں سر فہرست ہیں۔ جبکہ چیمبر کے ممبران کی تعداد22ہزار ہے جو 128 مختلف سیکٹرز اور ٹریڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چیمبر پہلے صرف بزنس کمیونٹی کے مسائل پر بات کرتا تھا مگر اب یہ ادارہ اس شہر کے ایک کروڑ باسیوں کی آواز بن چکا ہے۔ کونسل برائے حقوق افراد باہمی معذوری کے ڈائریکٹر مزمل یار نے بتایا کہ پنجاب میں 27لاکھ کے قریب معذور افراد ہیں جن میں سے 7لاکھ 35ہزار ایسے ہیں جو کوئی کام نہیں کر سکتے۔ ان کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز نے ہمت کارڈ سکیم شروع کی ہے جبکہ اس پورے نظام کو ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے تاکہ کوئی حقدار اپنے حق سے محروم نہ رہ سکے۔




