دہشت گردی قومی چیلنج ہے جس کیخلاف پوری قوم متحد ہے

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے دہشتگردی کیخلاف پاک افواج ، قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ خدمات اور کامیاب کارروائیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وطنِ عزیز میں امن و امان کا قیام معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک قومی چیلنج ہے جس کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ پاک افواج اور سیکورٹی اداروں نے اپنی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال قربانیوں کے ذریعے ملک کے امن و استحکام کے لیے گراں قدر خدمات اور قربانیاں دی ہیں، جنہیں پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔صدر چیمبر نے کہا کہ کاروباری برادری اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتی ہے جو ملک میں امن، قانون کی حکمرانی اور معاشی استحکام کو مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار امن ہی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری، برآمدات میں اضافے، صنعتی ترقی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی بنیاد ہے۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کے دوران شہید ہونے والے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور تمام شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ فاروق یوسف شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پوری قوم اتحاد، یکجہتی اور قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پاکستان کے روشن، پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں