کراچی(شوبز نیوز)اداکار سچل افضل نے لیجنڈ اداکار نعمان اعجاز کو اپنا پسندیدہ حریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک دن ان کے ساتھ اداکاری میں مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، نعمان اعجاز سے ہارنے کے باوجود ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔تفصیلات کے مطابق سچل افضل مشہور ماڈل ہیں جنہوں نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا ہے اور حال ہی میں ہٹ ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر مداحوں کی داد وصول کی ہے۔حال ہی میں اداکار نے نجی ٹی وی کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور اس دوران مختلف موضوعات پر اظہار کیا ہے۔سچل افضل نے کہا کہ وہ لیجنڈ اداکار نعمان اعجاز کے ساتھ مقابلہ کرنے چاہتے ہیں۔اداکار نے کہا کہ اگر مجھے انڈسٹری میں کسی اداکار سے مقابلہ کرنا ہے تو میرے ذہن میں کوئی ہے حالانکہ میں جانتا ہوں کہ اداکاری میں ان سے کوئی مقابلہ نہیں ہے لیکن اگر مجھے کسی ایک اداکار کا نام لینا ہو تو وہ نعمان اعجاز ہوں گے۔سچل افضل نے یہ بھی کہا کہ وہ شاندار اداکار ہیں، مجھے ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع نہیں ملا لیکن میں جانتا ہوں کہ ایک دن میں ان کے ساتھ مقابلہ کروں گا اور ہار بھی جائوں گا لیکن ان سے سیکھنے کو بہت کچھ ملے گا۔




