فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ابلتے گٹروں’ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور پارکس کی تباہ حالی نے پاکستان کے مانچسٹر فیصل آباد کے شہریوں کو شدید پریشانیوں سے دوچار کر دیا پنجاب حکومت کی شہر کی خوبصورتی اور عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کے لیے کی جانیوالی کوششوں میں رکاوٹیں پیدا ہونے لگیں تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے فیصل آباد شہر کی تعمیر وترقی اور شہریوں کو جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے فنڈز کی بھرمار کر رکھی ہے اور زندہ دلان فیصل آباد وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز شریف کے ان اقدامات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں’ فیصل آباد میں تعمیر وترقی کے منصوبوں’ سیوریج سسٹم کی بہتری اور پارکس کی بحالی کیلئے بھی پنجاب حکومت نے خصوصی فنڈز جاری کئے مگر اس کے باوجود صورتحال میں بہتری پیدا نہیں ہو سکی، شہر بھر کے مختلف علاقوں کے گلی محلوں میں گٹروں کے اوورفلو ہونے سے گندہ پانی کھڑا ہے جبکہ بارشوں کے باعث صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے، شہر کے پارکوں کی حالت بھی ابتر ہے اور وہاں پر بارشی پانی کی نکاسی’ پودوں کی دیکھ بھال’ گھاس کاٹنے اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کے باعث پارکس تباہ حالی کا شکار نظر آتے ہیں، فیصل آباد کے کئی علاقوں میں سڑکیں اور لنک روڈز بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آتے ہیں۔ جڑانوالہ روڈ اور جھنگ روڈ کو میٹروبس منصوبہ کے باعث اکھاڑا گیا مگر دیگر علاقوں میں سڑکیں اکھاڑی نہیں گئیں وہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ان کے پیچ ورک پر کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا ہے۔ ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ عملی طور پر کام کرنے کے خواہاں ہیں مگر کئی محکموں کے افسران وملازمین کی روایتی سستی آڑے آ رہی ہے اور ناقص کارکردگی میں میونسپل کارپوریشن فیصل آباد اور PHA سب سے آگے ہیں۔ عوامی وسماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو درپیش ان مسائل ومشکلات کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔




