ٹھیکریوالہ (رانا شاہد مقرب) محکمہ زراعت پیسٹی سائیڈز ونگ فیصل آباد نے غیر قانونی اور جعلی زرعی ادویات کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے جھنگ روڑ چک 67سدھار میں گودام پر چھاپہ مار کر سلفر 80فیصد، ڈبلیوجی جن 753پیکٹ بھرے ہوئے 1پیکٹ کا وزن 1کلو گرام بنتا ہے، 390پیکٹ یوریا کھاد کے تھیلوں میں پائے گے، 553خالی پیکٹ برآمد ہوئے جن پر وہی مارکہ موجود تھا، 37,366 کلوگرام زرعی ادویات قبضے میں لے لیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً2کروڑ 11لاکھ 54ہزار روپے بتائی گئی ہے۔ کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے دو نمونے بھی حاصل کیے گئے۔محکمہ زراعت کے مطابق یہ کامیاب کارروائی ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر (پیسٹی سائیڈز) فیصل آباد ڈویژن ذوالفقار علی غوری کی براہِ راست نگرانی اور مسلسل مانیٹرنگ میں عمل میں لائی گئی، جبکہ ڈائریکٹر ایگریکلچر (پیسٹی سائیڈز) فیصل آباد ڈاکٹر حافظ عبدالحسیب نے کارروائی کی قیادت کی۔ محکمہ زراعت کی رپورٹ کے مطابق کارروائی میں قبضے میں لی گئی زرعی ادویات کے حوالے سے جعلی ڈیٹا، غیر قانونی پیکنگ، رجسٹریشن نمبر کے غیر قانونی استعمال اور پیکنگ پلانٹ سے تصدیق نہ ہونے سمیت متعدد بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ کارروائی تقریباً 48گھنٹے تک جاری رہی۔ ٹیم کو کارروائی کے دوران مختلف مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا بھی کرنا پڑا تاہم محکمہ زراعت کی ٹیم نے تمام رکاوٹوں اور دبا کا سامنا کرتے ہوئے کارروائی مکمل کی اور بڑی مقدار میں مبینہ غیر قانونی زرعی ادویات قبضے میں لے لیں۔کارروائی کے نتیجے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو نمونے حاصل کرکے مزید قانونی و تکنیکی جانچ کے لیے محفوظ کرلیے گئے۔محکمہ زراعت کے مطابق ملزمان کے خلاف دی ایگریکلچرل پیسٹی سائیڈز آرڈیننس 1971کی دفعات 21-Aاور 23(a) کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی ہے، مقدمہ تھانہ ایئرپورٹ فیصل آباد میں محمد بلال منصور ولد ظہور احمد مالک کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت کے افسران کا کہنا ہے کہ کسانوں کو جعلی، غیر معیاری اور غیر قانونی زرعی ادویات سے محفوظ رکھنے کے لیے پیسٹی سائیڈز کے کاروبار کی نگرانی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔




