لاہور (بیوروچیف) سی ٹی او لاہور نے ای چالان نادہندہ ٹاپ 100گاڑیوں کے خلاف بڑے کریک ڈائون کا حکم دے دیا، ٹاپ ٹین ای چالان ڈیفالٹرز میں شامل ایک پک اپ گاڑی پکڑی گئی، جبکہ جعلی نمبر پلیٹ لگانے پر مقدمہ بھی درج کرلیا گیا۔ٹریفک پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے 80مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی، جس پر اس کے ذمے 4لاکھ 10 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد ہوئے۔ جرمانوں کا علم ہونے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ لگا لی۔پولیس کے مطابق جعلی نمبر پلیٹ لگانے کے بعد بھی مذکورہ گاڑی کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں جاری رہیں اور اس نمبر پر بھی 21ہزار روپے کے ای چالان ہوگئے۔پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ نوانکوٹ میں مقدمہ درج کرکے اسے گاڑی سمیت حراست میں لے لیا۔ حکام کے مطابق ملزم کو واجب الادا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق ای چالا ن اسکواڈز کو ٹاپ 100نادہندہ گاڑیوں کی فہرست فراہم کردی گئی ہے۔ ای چالان اسکواڈز کو سیف سٹی کے تعاون سے ایسی گاڑیوں کی موثر ٹریکنگ اور انہیں پکڑنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔سی ٹی او کے مطابق ای چالان ڈیفالٹرز کو پولیس کی 14 اہم سروسز کی فراہمی محدود کردی گئی ہے۔




