تلہ گنگ (نامہ نگار)ضلع چکوال میں یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کو شایانِ شان اور قومی جذبے کے ساتھ منانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جامع پروگرام ترتیب دے دیا گیا ہے۔13اور14اگست کو ضلع بھر میں مختلف تقریبات منعقد ہوں گی، جبکہ تمام متعلقہ محکموں کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق 14 اگست کو مرکزی پرچم کشائی کی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس چکوال میں منعقد ہوگی، جس میں سرکاری افسران، ملازمین، طلبہ، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ تقریب میں قومی پرچم لہرایا جائے گا، پولیس کا چاق و چوبند دستہ سلامی پیش کرے گا، تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ۖ اور قومی ترانہ پیش کیا جائے گا، جبکہ پاکستان کی آزادی اور قومی یکجہتی کے حوالے سے تقاریر بھی ہوں گی۔یومِ آزادی کے موقع پر ضلع چکوال کے اہم مقامات، سرکاری و نجی عمارات، شاہراہوں اور بس اسٹینڈز کو پاکستانی پرچموں اور جشن آزادی کے بینرز سے سجایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 13اگست کو شام 6بجے شہدا پارک چکوال میں فیملی فیسٹیول منعقد ہوگا، جبکہ13اور 14 اگست کی درمیانی شب شہدا پارک میں آتش بازی، پنجابی گیتوں اور ملی نغموں پر مشتمل خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔




