کراچی (شوبز نیوز) شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فیصل قریشی نے ہانیہ عامر کے معاوضے کے سوال پر اداکارہ کی حمایت کرتے ہوئے دوٹوک جواب دے دیا ہے۔اداکار فیصل قریشی سے حالیہ پوڈ کاسٹ میں اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت اور شوبز انڈسٹری میں ان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے بارے میں سوال کیا گیا۔جواب میں فیصل قریشی نے کہا کہ بھائی، وہ اس وقت اسٹار ہے، ہانیہ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بڑی بڑی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے ساتھ ان کا نام اور چہرہ جوڑنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔فیصل قریشی نے ہانیہ عامر کی جانب سے زیادہ معاوضہ طلب کیے جانے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی فنکار اپنی بڑھتی ہوئی طلب کے مطابق زیادہ فیس وصول کرنا چاہے تو اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔اداکار نے کہا کہ ہانیہ عامر جانتی ہیں کہ اس وقت ان کا بہترین دور چل رہا ہے اور برانڈز بھی ان کی موجودہ مارکیٹ ویلیو سے بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب کسی فنکار کی مانگ بڑھتی ہے تو اس کی تجارتی قدر میں بھی قدرتی طور پر اضافہ ہوتا ہے، لہذا زیادہ معاوضہ طلب کرنا اسی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کا حصہ ہے۔




