دبئی (شوبز نیوز) پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ انہیں اپنے بھارتی مداحوں کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ دنیا بھر میں مقبولیت رکھنے والے گلوکار نے یہ بات دبئی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ عاطف اسلم ان دنوں موسیقی سے متعلق مصروفیات کے سلسلے میں دبئی میں موجود ہیں، جہاں وہ مختلف پوڈکاسٹس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو انٹرویوز بھی دے رہے ہیں۔ گلوکار کی سوشل میڈیا پر فالوونگ 1 کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ ہے، جبکہ عادت، کچھ اس طرح، باخدا اور دل دیاں گلاں سمیت ان کے متعدد گانے دنیا بھر میں پسند کیے جاتے ہیں۔حال ہی میں عاطف اسلم نے کرس فیڈ کے پوڈکاسٹ ون آن ون ود کرس فیڈ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے بھارتی مداحوں سے متعلق گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وہ ایک نئے میوزک پراجیکٹ بارڈر لیس میوزک پر کام کر رہے ہیں۔




