عمرہ زائرین کیلئے اہم ہدایات

مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) مکہ مکرمہ میں سعودی حکام نے عمرہ زائرین کو مسجد الحرام میں رش سے بچنے اور عبادات و مناسک کی ادائیگی میں آسانی کے لیے کم رش والے اوقات میں آمد کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کردی۔سعودی جنرل اتھارٹی کے مطابق مسجد الحرام میں رش کی صورتحال مختلف اوقات میں تبدیل ہوتی رہتی ہے، اس لیے زائرین طواف اور سعی کے لیے پہلے سے مناسب وقت کا انتخاب کریں تاکہ مطاف اور مسعی میں آمدورفت آسان رہے۔اتھارٹی کے مطابق مسجد الحرام میں رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک اور صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک رش نسبتا کم رہتا ہے صبح 5 بجے سے 8 بجے تک رش درمیانے درجے کا رہتا ہے، جبکہ شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک مسجد الحرام میں سب سے زیادہ رش ہوتا ہے۔سعودی حکام نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ رش سے بچنے کے لیے پہلے سے منصوبہ بندی کریں اور مسجد الحرام میں دستیاب ڈیجیٹل سہولیات کے ساتھ لائیو رش کی صورتحال سے بھی استفادہ کریں۔حکام کے مطابق مناسب اوقات میں طواف اور سعی کی منصوبہ بندی سے ہجوم میں کمی، آمدورفت میں آسانی اور زائرین کو مناسک زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق موجودہ عمرہ سیزن کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ میں 9 لاکھ 20 ہزار 500 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں، جبکہ گزشتہ ماہ جاری اعداد و شمار میں عمرہ ویزے پر سعودی عرب آنے والوں کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں