اسلام آباد(بیورو چیف)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی)نے خیبر پختونخوا کے حساس پہاڑی علاقوں میں22 اگست کے دوران لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔این ڈی ایم اے کے مطابق ملاکنڈ، لوئر دیر، اپر دیر، شانگلہ، سوات، بٹگرام، آلائی، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر کوہستان، کولائی پالس، مانسہرہ اور گلیات کے پہاڑی علاقے لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس قرار دیے گئے ہیں۔الرٹ میں کہا گیا کہ لینڈ سلائیڈنگ، پتھر گرنے اور ملبے کے بہا کے باعث حساس پہاڑی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی عارضی یا طویل دورانیے کے لیے متاثر ہونے جبکہ بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔این ڈی ایم اے نے این-45 بٹ خیلہ، چکدرہ، دیر، متکنی روڈ، این-45، ایس-4 اے اور ایس-16 دیر ویلیز، این-90، این-95 چکدرہ، مینگورہ، مدین، بحرین اور کالام سمیت آلائی، پوکل اور گنگوال روڈز کو خصوصی طور پر حساس قرار دیا ہے۔اسی طرح این-140 اور چترال، بونی، مستوج کوریڈور، این-45 دروش، لواری، چترال اور چترال، گرم چشمہ روڈ پر بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔




