پنجاب ترقی کے دور میں داخل ہوچکا ہے،مریم نواز

لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے لودھراں سے تعلق رکھنے والے ارکان صوبائی اسمبلی محمد زبیر خان اور شازیہ حیات نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو اپنے حلقوں میں درپیش عوامی مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں کے عوامی مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوشاں رہیں۔ ارکان صوبائی اسمبلی نے ملتان وہاڑی روڈ کی تکمیل پر وزیراعلیٰ پنجاب کو خراج تحسین پیش کیا اور لودھراں میں الیکٹرو بس سروس کے آغاز پر عوام کی جانب سے شکریہ ادا کیا،ان کا کہنا تھا کہ شاہدہ اسلام ہسپتال، دنیاپور، کچہری چوک، میلاد چوک اور کہروڑ پکا کے روٹس پر الیکٹرو بس سروس کامیابی اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلتھ اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبے عوام کے دلوں میں گھر کر چکے ہیں۔اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں سے دوسرے صوبوں کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ لاہور میں جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور مختلف اضلاع میں کیتھ لیبز مکمل طور پر فعال ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب ای بس اور مریم کی دستک پورٹل جیسی جدید سہولتوں کی بدولت صوبہ سروسز اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کرے گا، انہوں نے کہا کہ پنجاب حقیقی معنوں میں ترقی اور ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں