سیلاب کی تباہ کاریاں۔ منیشا کوئرالا میدان عمل میں آ گئیں

ممبئی (شوبز نیوز)بالی ووڈ کی مقبول ترین ہیروئنز میں سے ایک منیشا کوئرالا نیپال میں آنے والے حالیہ ہلاکت خیز سیلاب پر متاثرین کی مدد کے لیے میدانِ عمل میں آگئیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق منیشا کوئرالہ نے کھٹمنڈو میں ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر شدید صدمے میں ہیں۔ان کے بقول نیپال میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کی شدت کا اندازہ متاثرہ علاقوں سے سامنے آنے والی تصاویر اور کہانیوں سے لگایا جاسکتا ہے ایسی تباہی شاید بہت سے لوگوں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی نہ دیکھی ہو۔اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ اس قدرتی آفت نے نیپال میں آنے والے ماضی کے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی تاہم موجودہ صورتحال میں انسانی مشکلات کی شدت دیکھنا انتہائی تکلیف دہ ہے۔منیشا کوئرالہ نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں سب سے پہلے ان لوگوں کے بارے میں سوچنا چاہیے جو سیلاب کے باعث اپنے گھروں، روزگار اور بنیادی ضروریات سے محروم ہو گئے ہیں۔اداکارہ نے عوام پر زور دیا کہ وہ مذہب، قومیت اور سرحدوں سے بالاتر ہو کر متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں اور عملی طور پر ان کی مدد کریں۔اداکارہ نے متاثرین کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت صرف افسوس کا اظہار کافی نہیں بلکہ ضرورت مند خاندانوں تک امداد پہنچانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں