برمنگھم(مانیٹرنگ ڈیسک) مسجد عثمان میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے سیرتِ النبی ۖ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریم حضرت محمد مصطفیۖکی مبار ک زندگی پوری انسانیت کیلئے بہترین نمونہ ہے۔ آپ ۖ نے اپنے کردار، اخلاق، معاملات اور معاشرت کے ذریعے ایک ایسا مثالی معاشرہ قائم فرمایا جس کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ آج امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کا حل سیرتِ طیبہ ۖ سے وابستگی اور آپ ۖ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے میں ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں حضور اکرم ۖ کی سنتوں کو اپنائیں اور آپ ۖ کے اخلاقِ حسنہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ نبی کریم ۖ نے انسانیت کو محبت، اخوت، عدل، مساوات، برداشت اور امن کا درس دیا۔ آپ ۖ نے رنگ، نسل، زبان اور علاقے کی بنیاد پر تفریق کو ختم کرتے ہوئے تقویٰ اور کردار کو فضیلت کا معیار قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ سیرتِ النبی ۖ کا پیغام صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے امن، رحمت اور فلاح کا پیغام ہے۔ موجودہ دور میں نفرت، انتہا پسندی اور معاشرتی انتشار کے خاتمے کیلئے میں حضور اکرم ۖ کی تعلیمات کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔




