ساہیوال (بیوروچیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے زیر تعمیر سلاٹر ہاؤس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن شیخ اشفاق احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ متعلقہ افسران نے سلاٹر ہاؤس میں جاری ترقیاتی کام اور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے جاری ترقیاتی کام کی سست رفتار پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور منصوبے کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سلاٹر ہاؤس کی تعمیر میں استعمال ہونے والا تعمیراتی مٹیریل اعلیٰ معیار کا ہونا چاہیے اور کام کے ہر مرحلے میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران کام کی باقاعدہ نگرانی کریں تاکہ منصوبہ پائیدار اور معیاری بنیادوں پر مکمل ہو۔ انہوں نے سلاٹر ہاؤس کے داخلی راستے کو مزید خوبصورت، دیدہ زیب اور شہریوں کے لیے پرکشش بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ داخلی راستے کے گرد مناسب پلانٹیشن اور لینڈ سکیپنگ بھی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صرف تعمیراتی ڈھانچے کی تکمیل نہیں بلکہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خوبصورتی اور ماحول کی بہتری بھی ہے۔ سلاٹر ہاؤس کو جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کرنے کے ساتھ اس کے اطراف کو بھی صاف ستھرا، سرسبز اور خوبصورت بنایا جائے۔




