فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بجلی بل کے جھگڑے پر مشتعل بھتیجے نے فائرنگ کر کے چچا کو قتل کر دیا جبکہ گولیاں لگنے سے ساتھی بری طرح زخمی ہو گیا، پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل بھتیجے کی تلاش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈجکوٹ کے علاقہ 271 رب کے رہائشی خالد محمود ولد محمد دین نے اپنے بھتیجے محمد احمد سے بجلی کا کنکشن لے رکھا تھا اور وہ بل ادا نہ کر رہا تھا، گزشتہ شب بھتیجے احمد نے چچا خالد محمود کو بجلی کا بل ادا کرنے کا کہا تو ان میں تلخ کلامی ہو گئی جو کہ شدت اختیار کر گئی تو ملزم محمد احمد نے طیش میں آ کر فائرنگ کر دی، گولیاں لگنے سے چچا خالد محمود اور احسان ولد محمد حسین بری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پر خالد محمود زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل بھتیجے کی تلاش شروع کر دی ہے۔




