ایرانی حملوں کا خوف،اردن سے امریکی ہیلی کاپٹر متبادل مقامات پر منتقل

تہران /واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے جوابی حملوں کے خطرے کے پیش نظرامریکا نے اردن سے ہیلی کاپٹر منتقل کرنا شروع کر دیئے۔ غیر ملکی میڈیا کیمطابق منتقل کئے جانے والے ہیلی کاپٹروں میں ایرانی حملوں میں تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ بلیک ہاک ہیلی کاپٹرز کو موافق السلطی ایئربیس سے متبادل مقامات پر منتقل کیاگیا ہے ،ان ہیلی کاپٹرز کی منتقلی کا مقصد انہیں ممکنہ ایرانی حملوں سے محفوظ رکھنا ہے۔ دریں اثناء امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مڈ ٹرم انتخابات کے بعد ایران سے جنگ ختم ہوجائے گی اور تیل کی قیمتیں تیزی سے گر جائیں گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیلاس روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ایران کے ساتھ کسی معاہدے کے خواہاں نہیں تاہم مذاکرات کا امکان موجود ہے، ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول امریکا کے پاس ہے، ایرانی بحریہ کے 9 جہاز تباہ کردیئے، ایران کے محاصرے کے نتائج اچھے آرہے ہیں۔امریکی صدر کا مزید کہنا ہے کہ پیوٹن یوکرین جنگ کے خاتمے کیلئے معاہدہ چاہتے ہیں، مغربی کنارے پر عائد پابندیوں کے معاملے پر اسرائیل سے بات کروں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے پیوٹن معاہدہ کرنا چاہتے ہیں، روسی صدر پیوٹن کے ساتھ اچھی گفتگو ہوئی، امریکی صدر نے پیوٹن کے ساتھ ملاقات کا امکان بھی ظاہر کردیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں