فیصل آباد چیمبر ایک کروڑ آبادی کی آواز بن چکا ہے

فیصل آباد( سٹاف رپورٹر)ملک کے 65 فیصد نوجوان آئی ٹی کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مضبوط اور مستحکم بنانے میں کلیدی کردار اد اکریں گے جبکہ فیصل آباد چیمبر آف کامر س اینڈانڈسٹری انہیں اس سلسلہ میں ضروری سہولتیں مہیا کر رہا ہے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ نے ای کامرس بارے مفت آگاہی سیشن کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے بتایا کہ یہ ملک کا تیسرا بڑا اور پریمیئر چیمبر ہے جبکہ 128ٹریڈز سے منسلک اِس کے 22ہزار ممبران ملکی معاشی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر کا مینڈیٹ اپنے ممبران کے مسائل کو حل کرنا ہے ۔ ہم نے بجٹ کی تیاری میں اپنا بھر پور کردار اد اکیا جبکہ ای کامرس کی جامع ترقی کیلئے بھی رپورٹ تیار کر کے حکومت کو پیش کی گئی تاہم اب یہ چیمبر پورے شہر کی ایک کروڑ آبادی کی آواز بن چکا ہے۔ چیمبر کی کوششوں سے براہ راست بین الاقوامی پروازوں کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ یہاں سے حج پروازیں شروع کرانے کا کریڈٹ بھی فیصل آباد چیمبر کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں سے فیصل آباد کے شہریوں کیلئے میٹرو بس کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جبکہ80فیصد سڑکوں کی بھی تزئین وآرائش کی جا چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارے مطالبے پر پنڈی بھٹیاں ۔ فیصل آباد موٹر وے کو بھی 4سے چھ لین کرنے کا کام شروع ہے جبکہ کینال روڈ سے براہ راست فیصل آباد چیمبر آنے کیلئے ریمپ کی سہولت بھی مہیا کر دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر ملک کا پہلا چیمبر ہوگا جہاں ایگزم بینک قائم کیا گیا ہے جبکہ یہ بینک جمعرات سے آپریشنل ہو جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں