کراچی (شوبز نیوز) اداکار اور گلوکار ہارون شاہد نے پہلی فلم ورنہ کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ بالی ووڈ سپر اسٹار کرینہ کپور خان کو ابتدا مرکزی کردار کیلئے زیر غور لایا گیا تھا۔نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ہارون شاہد نے بتایا کہ بھارتی اداکارہ کرینہ کپور شعیب منصور کی 2017میں ریلیز ہونے والی فلم ورنہ کا حصہ بننے والی تھیں تاہم پہلے بچے کی توقع کے باعث وہ اس منصوبے سے الگ ہوگئیں، جس کے بعد ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا۔اداکار نے کہا کہ میرے لئے دونوں اداکارائوں کا شمار بڑی شخصیات میں ہوتا ہے، ان کے ساتھ کام کرنے کا میرا تجربہ ایک غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔ماہرہ خان سے اپنی پہلی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے ہارون شاہد نے ان کی عاجزی اور سادگی سے متاثر ہونے کا بھی اعتراف کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلی سکرپٹ ریڈنگ کے دوران میں اپنی جگہ سے اس لئے اٹھنے والا تھا کیونکہ وہاں بیٹھنے کیلئے مناسب جگہ نہیں تھی، تاہم ماہرہ نے مجھے اٹھنے سے منع کیا اور کہا کہ میں فرش پر بیٹھ جائوں گی۔ہارون شاہد کے مطابق ماہرہ کا یہ انداز میرے ذہن پر دیرپا اثر چھوڑ گیا۔ہارون نے ماہرہ خان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، عاجزی اور کام کیلئے لگن کی تعریف کی۔




