اسلام آباد (بیوروچیف) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فانڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی شمولیت اور زرعی شعبے سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فانڈیشن کی ٹیم کے دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں فانڈیشن کے تعاون کو سراہا، انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے گیٹس فانڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر بل گیٹس نے وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے، انہوں نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی ذاتی رہنمائی کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فانڈیشن کے قابلِ اعتماد شراکت دار کے کردار کو سراہتے ہوئے صحتِ عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔شہباز شریف نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کی جانے والی اصلاحات سے بھی آگاہ کیا، انہوں نے بتایا کہ زرعی اصلاحات میں جدت، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعدادِ کار میں اضافے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور ابھرتی ہوئی زرعی ٹیکنالوجیز کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔دونوں جانب سے پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبوں میں بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔وزیراعظم نے ملاقات کے دوران بل گیٹس کے سابقہ دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے انہیں جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔




